آبنائے ہرمز کا کنٹرول “ایٹم بم جیسا اثر رکھتا ہے”: ایرانی مشیر

تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، بین الاقوامی رپورٹس)ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنا ایسے ہی ہے جیسے کسی کے پاس “ایٹم بم” ہو، کیونکہ اس کا اثر عالمی معیشت پر براہ راست پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے فیصلے، جو عالمی توانائی اور تجارت کو متاثر کر سکتے ہیں، ایک بڑی اسٹریٹجک طاقت اور اہم موقع کی حیثیت رکھتے ہیں۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا ذمہ دار امریکا کی “لاقانونیت اور فوجی مہم جوئی” کو قرار دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے ترک وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ خطے میں کشیدگی اور سمندری راستوں میں رکاوٹیں امریکی اقدامات کا نتیجہ ہیں۔خطے میں خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے، جہاں توانائی کی عالمی ترسیل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔