اسرائیلی حملے سےجنوبی لبنان میں 2 لبنانی صحافیوں سمیت4 شہید

لبنان (رائٹرز، دیان نیوز، عرب نیوز) اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں ایک حملے میں دو لبنانی صحافیوں سمیت کم از کم چار افراد شہید ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی حملہ ایک میڈیا گاڑی کو نشانہ بنانے کے بعد ہوا، جس میں کام کر رہے دو نشریاتی صحافی ہلاک ہوگئے۔

عرب میڈیا اور لبنانی ذرائع کے مطابق حملے میں فاطمہ فتونی المایدین ٹی وی سے وابستہ تھیں اور علی شعیب جو المانار ٹی وی سے منسلک تھے اپنی نیوز گاڑی کے ساتھ مارے گئے۔ دونوں صحافی غیر مسلح تھے اور کیمروں کے ساتھ جنگی صورتحال کی کوریج کر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

لبنانی ذرائع نے مزید بتایا کہ حملے میں دیگر دو عام شہری بھی شہید ہوئے، جبکہ واقعہ کو انسانی جانوں کے احترام اور آزادیٔ صحافت کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی کارروائی میں شہری، صحافی اور بچوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

لبنان کے صدر نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ظالمانہ جرم قرار دیا ہے، جس سے علاقائی تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔یہ واقعہ اسی خطے میں جاری کشیدگی اور لڑائی کے دوران پیش آیا ہے، جس میں اسرائیلی فوج اور لبنانی فورسز کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرچکی ہے اور حساس سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔