اسرائیل کااگلی ہدایات تک ایران پر حملے جاری رکھنے کا فیصلہ

تل ابیب (الجزیرہ، غیر ملکی میڈیا رپورٹس) ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی پاور پلانٹس پر 5 دن تک حملے روکنے کے اعلان کے باوجود اسرائیلی فوج نے اگلی ہدایات تک ایران پر حملے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔عرب میڈیا الجزیرہ کے مطابق تاحال اسرائیلی حکام نے صدر ٹرمپ کے اعلان پر باضابطہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں بند دروازوں کے پیچھے یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کوئی بھی ڈیل اسرائیلی مفادات کیخلاف نہیں ہونی چاہیے۔مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتکاری کوششیں جاری ہیں، جن میں پاکستان، مصر، ترکیے، سعودی عرب، عمان اور قطر کے رابطے شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان ممالک کا مقصد جنگ بندی کیلئے سفارتی راہداریوں کو دوبارہ فعال کرنا ہے، تاہم الجزیرہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اس معاملے میں غیر متوقع ردعمل دے سکتا ہے اور نہ صرف متحارب گروپوں بلکہ مشرق وسطیٰ اور اس کے دارالحکومتوں میں بھی معاملات بگاڑ سکتا ہے۔