واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال میں اہم پیش رفت کے امکانات موجود ہیں، تاہم پائیدار امن کے لیے مزید اقدامات ضروری ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں جو کینٹ نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ اسرائیل پر عائد پابندیوں کو برقرار رکھتے ہیں تو ایک تاریخی معاہدے کے امکانات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ایک مثبت آغاز ضرور ہے لیکن اصل استحکام کے لیے اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کو محدود کرنا ضروری ہے۔
جو کینٹ نے اس سے قبل بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر اسرائیل کو مکمل طور پر کنٹرول نہ کیا گیا تو آئندہ سفارتی مذاکرات ناکام ہو سکتے ہیں، اور اس کی فیصلہ سازی میں براہِ راست کردار خطے میں کشیدگی بڑھا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جو کینٹ نے حالیہ مہینوں میں اپنی سابقہ ذمہ داری سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ضمیر کے مطابق اس جنگ کی حمایت نہیں کر سکتے، اور ان کے مطابق ایران کے خلاف کارروائی امریکا کے فوری مفاد میں نہیں تھی بلکہ یہ فیصلہ بیرونی دباؤ کے تحت کیا گیا۔
جو کینٹ سابق امریکی اسپیشل فورسز اہلکار اور سی آئی اے سے وابستہ رہ چکے ہیں، اور بعد ازاں سینیٹ کی منظوری کے بعد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سربراہ بھی رہے ہیں۔

