اسلام آباد:امریکا پر اعتماد نہیں، ہم مذاکرات کیلئے موجود ہیں: محمد مرندی

اسلام آباد(رائٹرز، اے ایف پی)ایران کے معروف تجزیہ کار پروفیسر محمد مرندی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بلواسطہ مذاکرات کیے گئے لیکن امریکا نے سازش کے ذریعے جنگ مسلط کر دی۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ سے قبل بھی مذاکرات جاری تھے۔

پروفیسر مرندی کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ مذاکرات میں اچھی پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم اس کے باوجود حملہ کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایران نے مذاکرات اس لیے کیے تاکہ عالمی برادری کو واضح ہو کہ مسئلہ ایران نہیں بلکہ امریکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات کے لیے موجود ہے لیکن امریکیوں پر اعتماد نہیں کیونکہ انہوں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔پروفیسر مرندی نے مزید کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لبنان جنگ بندی کو امن معاہدے کا حصہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام پاکستان کے لوگوں سے محبت کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافت، مذہب اور تاریخ مشترک ہے۔پروفیسر مرندی کے مطابق پاکستان ان کے لیے گھر جیسا ہے لیکن امریکا کو وہ قابلِ اعتماد نہیں سمجھتے۔انہوں نے کہا کہ ایران پہلے ہی کافی لچک دکھا چکا ہے، اب یہ دوسرے فریق پر منحصر ہے کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔