امریکا ایران ثالثی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: ترجمان کریملن

ماسکو (رائٹرز، اے ایف پی، ٹیاس، بی بی سی، الجزیرہ)روسی ایوان صدر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دمتری پیسکوف نے ایک بھارتی ٹیلیویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کیلئےسازگار ماحول فراہم کیا، جس پر روس پاکستان کا شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات نے فریقین کو قریب لانے میں مدد دی اور بات چیت کے لیے فضا ہموار کی۔

اس سے قبل کریملن کے ترجمان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست روابط قائم ہوں گے۔کریملن کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے اور اس سے امن مذاکرات کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔