امریکا ایران کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری، ایرانی وزارت خارجہ کی تصدیق

تہران (مہر نیوز ایجنسی، غیر ملکی میڈیا رپورٹس) ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔مہر نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مختلف سطحوں پر رابطے اور سفارتی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ دونوں ممالک میں تناؤ میں کمی لائی جا سکے۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے بعض عہدیداروں نے براہِ راست مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کا مقصد تیل کی قیمتوں میں کمی اور ممکنہ مزید کارروائیوں کے لیے وقت حاصل کرنا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا دونوں معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے پیشرفت ہو رہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے خود مذاکرات کے لیے رابطہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، جس میں امریکی وفد کے اہم ارکان بھی شامل تھے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور آئندہ چند روز میں معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد نکات پر اتفاق بھی سامنے آ چکا ہے، جن میں سرفہرست ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے دینا ہے۔