امریکا بھر میں ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف’نو کنگز‘ مظاہرے شروع

واشنگٹن (غیر ملکی میڈیا)امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، جسے ’نو کنگز‘ تحریک کا نام دیا گیا ہے۔منتظمین کے مطابق نو کنگز مظاہروں کے تحت امریکا بھر میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور 50 ریاستوں میں تقریباً 3 ہزار 200 احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

مظاہرین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے جبکہ اس سے قبل ہونے والے دو بڑے احتجاجوں میں لاکھوں افراد شریک ہوچکے ہیں۔یہ تحریک 2025 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد سامنے آئی اور اسے ان کی پالیسیوں کے خلاف نمایاں عوامی مزاحمت قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ تیسری بار ہے کہ اس تحریک کے تحت بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے، جسے امریکا میں بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم اور عوامی بے چینی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔مظاہرین حکومت پر قانون کی خلاف ورزی اور سخت گیر پالیسیوں کا الزام لگا رہے ہیں۔