امریکا: 28 سالہ خاتون کم عمر ظاہر کرکے اسکول میں داخلہ لینے پر گرفتار

نیویارک(ایجنسیاں)امریکا میں 28 سالہ خاتون کیسی کلاسن کو کم عمر ظاہر کرکے نیویارک کے ایک ہائی اسکول میں داخلہ لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیسی کلاسن، جو مبینہ طور پر شمرا رشاد کے نام سے بھی سامنے آئیں، نے جعلی شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے خود کو 16 سالہ لڑکی ظاہر کیا اور تقریباً دو ہفتے تک برونکس کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم رہیں۔

بعد ازاں انہیں مجرمانہ جعل سازی اور غیر قانونی داخلے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا، تاہم عدالت میں انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا، جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔عدالتی ریکارڈز کے مطابق کیسی کلاسن نے اگست 2023 میں اپنے شوہر سے طلاق کیلئے درخواست دائر کی تھی۔

خاتون ماضی میں ذہنی صحت کے مسائل، ڈپریشن اور خودکشی کی متعدد کوششوں کے حوالے سے بھی بات کرچکی ہیں۔کیسی کلاسن نے میڈیا کو بتایا کہ 2023 میں وہ بے گھر اور بے روزگار تھیں اور ایک غیر منافع بخش ادارے کے عبوری ہاؤسنگ پروگرام کے ذریعے اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مالی مشکلات کے باعث کچھ عرصے کیلئے ان کی دو سالہ بیٹی کی تحویل بھی ان سے لے لی گئی تھی جبکہ وہ اپنی شادی میں مبینہ بدسلوکی کا بھی شکار رہیں۔دوسری جانب ذہنی صحت سے متعلق بلاگ چلانے والی ایک ماہر خاتون نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے کیسی کلاسن انسانی اسمگلنگ کے کسی نیٹ ورک کا شکار رہی ہوں۔ماہر خاتون کے مطابق یہ امکان بھی موجود ہے کہ انہیں دیگر افراد کو بھرتی کرنے کے لیے اسکول بھیجا گیا ہو، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔