امریکی وسط مدتی انتخابات میں پاکستانی نژاد امیدواروں کی نمایاں کامیابیاں

مریم صبیح، مریم خان، سعود انور، سلمان بھوجانی، سلیمان لالانی اور فاروق مغل منتخب، امتیاز محمد کو شکست

واشنگٹن (امریکی میڈیا) امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امریکی امیدوار کامیاب ہوگئے، کامیاب امیدواروں میں ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی نشستیں جیتنے والے امیدوار شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا کی ریاستی اسمبلی کی نشست پر پاکستانی نژاد امریکی مریم صبیح رکن منتخب ہوگئیں۔

کنیکٹیکٹ میں ڈیموکریٹ امیدوار مریم خان نے ریاستی سینیٹ کے حلقہ نمبر 2 سے کامیابی حاصل کرکے نشست اپنے نام کرلی، جبکہ پاکستانی نژاد امریکی سعود انور ریاستی سینیٹ کے حلقہ نمبر 3 سے دوبارہ منتخب ہوگئے۔

ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی سلمان بھوجانی بھی ریاستی اسمبلی کے رکن دوبارہ منتخب ہوگئے۔ انہوں نے حلقہ نمبر 92 میں 67 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اسی ریاست میں سلیمان لالانی نے بھی حلقہ نمبر 76 سے دوبارہ کامیابی حاصل کی اور 67 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

جارجیا میں پاکستانی نژاد امریکی امیدوار فاروق مغل نے ریاستی اسمبلی کے حلقہ نمبر 105 سے انتخاب جیت لیا۔ انہیں 60.8 فیصد ووٹ ملے۔دوسری جانب فلوریڈا میں ری پبلکن جماعت کے پاکستانی نژاد امریکی امیدوار امتیاز محمد ریاستی اسمبلی کا انتخاب ہار گئے۔