وفاقی وزیر کے الزامات بے بنیاد ہیں، بھائی بھی ان کے دعوے رد کرچکے ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب کا ردعمل
لاہور (خبر ایجنسیاں) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا جواب دیں، کرپشن کے الزامات کے ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں۔
چوہدری سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر اور حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے ثبوت کے بغیر بے بنیاد الزامات لگانا انہیں زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چوہدری سالک حسین نے ڈپٹی کمشنر گجرات کی تعیناتی کے لیے سفارش کرنے کا خود اعتراف کیا تھا، لیکن آج وہ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ عہدے اور مراعات سے بھی فائدہ اٹھانا اور الزام تراشی بھی کرنا، ایسا نہیں چلے گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک حسین کے بھائی بھی ان کے الزامات کو مسترد کرچکے ہیں، اب انہیں اپنے بے بنیاد الزام کا جواب دینا ہوگا، یوٹرن لینے سے کام نہیں چلے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز نے دو سال کے دوران کھربوں روپے کے منصوبے شروع کیے اور مکمل کیے ہیں، کوئی ناقد بھی مریم نواز پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری سالک حسین خود بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے پاس الزامات کے حق میں کوئی شواہد موجود نہیں۔

