واشنگٹن( وائٹ ہاؤس، رائٹرز، اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی کی اوپن بارڈر پالیسیوں کے باعث تقریباً 25 ملین غیرملکی امریکا میں داخل ہوئے، جن میں ان کے بقول بڑی تعداد جرائم پیشہ افراد کی تھی۔
وائٹ ہاؤس میں مدرز ڈے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سابق امیگریشن پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان پالیسیوں نے سرحدی نظام کو کمزور کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ان کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سرحدی سیکیورٹی کو سخت کیا اور غیرقانونی امیگریشن روکنے کیلئےمؤثر اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں اب امریکا کی سرحدیں زیادہ محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے اور ان اقدامات سے ملک میں امن و امان اور قومی سلامتی بہتر ہوئی ہے۔امریکی صدر نے اپنی حکومت کی پالیسیوں کو ملکی معیشت اور عوامی اعتماد کے لیے بھی مثبت قرار دیا۔

