تل ابیب/ریاض/کویت سٹی (رائٹرز، الجزیرہ، اے ایف پی، عرب میڈیا)اسرائیل میں ایران کے میزائل حملوں سے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ کئی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔اسرائیلی حکام کے مطابق ایرانی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کا تعاقب جاری رکھا جائے گا، اگر بچوں کا قاتل مجرم زندہ ہے تو اس کا پیچھا جاری رکھیں گے اور اسے پوری قوت سے قتل کریں گے۔پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ 10 میزائل اور ڈرونز کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں امریکی فضائی اڈے اور سعودی عرب کے شہر الخرج میں موجود امریکی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق الخرج کی جانب فائر کیے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ادھر کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں راڈار سسٹم کو نقصان پہنچا، حکام کے مطابق سعودی عرب نے مزید 10 جبکہ کویت نے 5 ڈرون مار گرائے۔

