ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے باقر ذوالقدر کو سیاسی مشیر مقرر کردیا

تہران (نمائندہ خصوصی) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے محمد باقر ذوالقدر کو اپنا سیاسی مشیر جبکہ ڈاکٹر محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کردیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر محمد باقر ذوالقدر اور ڈاکٹر محسن رضائی کے نام الگ الگ پیغامات جاری کیے، جن میں دونوں کی نئی ذمہ داریوں کا اعلان کیا گیا۔

محمد باقر ذوالقدر کے نام اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ان کے قیمتی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اپنا سیاسی مشیر مقرر کیا جارہا ہے۔

محمد باقر ذوالقدر اس سے قبل سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ایران کے سیکیورٹی و سیاسی امور میں بھی فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب مجتبیٰ خامنہ ای نے ڈاکٹر محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قیمتی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

یہ تقرریاں ایرانی قیادت کی جانب سے اعلیٰ سیکیورٹی اور سیاسی امور میں نئی ذمہ داریوں کی تقسیم کے سلسلے کی اہم کڑی قرار دی جارہی ہیں۔