تہران ( پاسداران انقلاب)ایران کے پاسداران انقلاب گارڈز کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی کنٹرول کی خلاف ورزی کرنیوالے بحری جہازوں کو طاقت کے ذریعے روکا جائیگا۔
تہران سے جاری بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کے انتظامی نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور جو سول و تجارتی جہاز ایرانی پروٹوکول پر عمل کریں گے ان کی نقل و حرکت محفوظ رہے گی۔
حسین محبی کے مطابق کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کرنے والی بحری سرگرمیوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، اور شپنگ کمپنیوں کو پاسداران کے اعلانات پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ایران کی نیشنل سیکیورٹی اور فارن پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو نہ تو ایک ٹوئٹ سے بند کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کھولا جا سکتا ہے۔ان کے مطابق آبنائے ہرمز کے مستقبل کا فیصلہ یا تو کسی معاہدے کے ذریعے ہوگا یا پھر حالات میں بڑی تبدیلی کے نتیجے میں۔

