تہران(ایرانی میڈیا، خبر ایجنسیاں) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کو جاری رکھنا یا اس کا دائرہ وسیع کرنا نہیں چاہتا، تاہم ملک اپنی سرحدوں اور قومی سلامتی کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی سرحدوں کا بھرپور دفاع کرے گا، لیکن جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کا انحصار صرف دفاعی صلاحیت پر نہیں بلکہ داخلی اتحاد اور قومی یکجہتی پر بھی ہے، اس لیے موجودہ حالات میں اندرونی طاقت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ اندرونی اختلافات کا خاتمہ بیرونی مداخلت کے امکانات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک ایسا مضبوط، متحد اور صحت مند معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں دشمن کو دراندازی یا عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع نہ ملے۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایسا معاشرہ قائم کرنا ضروری ہے جہاں دشمن سماجی ہم آہنگی کو تقسیم کرنے یا معاشرے کو کمزور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

