ایران کی فضائی حدود ہماری مکمل گرفت میں ہے:امریکی وزیر جنگ

واشنگٹن( امریکی محکمہ دفاع، رائٹرز، اے ایف پی)امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ناکہ بندی کے دوران ایرانی جانب سے ممکنہ فائرنگ متوقع ہے، تاہم ایسا اقدام دانشمندانہ ثابت نہیں ہوگا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اپنی جنگی صلاحیتوں کو دوبارہ بحال نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی فضائی حدود امریکہ کی مکمل گرفت میں ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو مکمل طور پر مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم انہوں نے اب تک تحمل اور نرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کے سمندری راستوں کی ناکہ بندی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی حکام کے مطابق ایرانی بندرگاہوں میں داخل اور باہر جانے والے تمام جہازوں پر عارضی پابندی نافذ کر دی گئی ہے، جو جہازوں کی آمد و رفت پر لاگو ہوگی۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق خلیج عرب اور خلیج عمان میں ایرانی بندرگاہوں سے منسلک جہازوں پر بھی یہ پابندیاں نافذ ہوں گی۔فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ ناکہ بندی والے علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے یا نکلنے والے کسی بھی جہاز کو روکا، موڑا یا تحویل میں لیا جا سکتا ہے۔