ایران کےنئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا: آیت اللّٰہ احمد علم الہدیٰ

تہران (ایجنسیاں) سینئر ایرانی عالم دین آیت اللّٰہ احمد علم الہدیٰ نے کہا ہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان مجلس خبرگان کے سیکریٹریٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان کے اکثریتی ارکان مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کرنے پر متفق ہیں، جبکہ ارکان کا کہنا ہے کہ یہ اتفاق رائے عوامی خواہشات اور شہید سپریم لیڈر کے طرزِ عمل کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بعض ارکان کی مختلف آراء بھی موجود ہیں، تاہم یہ اختلاف رائے مخلصانہ نوعیت کا ہے اور اس کے پیچھے کوئی سیاسی مقاصد نہیں۔ رپورٹ کے مطابق نئے سپریم لیڈر کے باضابطہ اعلان میں تاخیر سیکیورٹی خدشات کے باعث کی جا رہی ہے۔مجلس خبرگان کے رکن محمد میر باقر کا کہنا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے زیادہ تر ارکان متفق ہو چکے ہیں، تاہم اس عمل سے متعلق چند رکاوٹیں ابھی باقی ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز اسمبلی کے ایک اور سینئر رکن نے بتایا تھا کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے ارکان ایک دن کے اندر اجلاس کریں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ارکان کے درمیان اس بات پر معمولی اختلاف موجود ہے کہ حتمی فیصلہ باضابطہ بالمشافہ اجلاس کے بعد کیا جائے یا موجودہ حالات میں رسمی اجلاس کے بغیر ہی اعلان کر دیا جائے۔

اسمبلی آف ایکسپرٹس کے رکن آیت اللّٰہ محسن حیدری نے کہا کہ موجودہ حالات میں حتمی ووٹنگ کے لیے اسمبلی کا براہ راست اجلاس ممکن نہیں، تاہم ایک امیدوار کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتخاب مرحوم سپریم لیڈر کی اس ہدایت کے مطابق ہے کہ ایران کا اعلیٰ رہنما ایسا ہونا چاہیے جسے دشمن ناپسند کرے نہ کہ اس کی تعریف کرے۔