ایران کے پاس اپنے فوجیوں کو تنخواہیں دینے کیلئے رقم نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(سی این این) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ محدود پیمانے پر مذاکرات کر رہا ہے اور فی الحال ایران کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، جہاں افراط زر بہت زیادہ ہے اور حکومت کے پاس رقم نہیں ہے۔

سی این این کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر انٹرویو کے دوران کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کو خاموشی سے آگے بڑھا رہا ہے، ایران انتہائی خراب معاشی صورتحال سے دوچار ہے اور اس کے پاس اپنے فوجیوں کو تنخواہیں دینے کیلئے بھی رقم موجود نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کے دوران اشارہ دیا کہ واشنگٹن ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور ایران پر اقتصادی دباؤ کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے معاملے پر نئی شرائط پیش کی ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔