بھارت: چھٹیوں پر گھر آئے بی ایس ایف اہلکار نے بیوی کو قتل کردیا

ہوشیارپور (رائٹرز)بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع ہوشیارپور میں چھٹیوں پر گھر آئے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف اہلکار نے واقعے کو بیوی کے چھت سے گرنے کا حادثہ قرار دیا، تاہم مقتولہ کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ اسے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا اور واقعے کو حادثے کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 12 سال سے شادی شدہ جوڑے کے 2 بچے ہیں اور شوہر کے مبینہ پُرتشدد رویے کے باعث دونوں کے درمیان اکثر کشیدگی رہتی تھی۔

مقتولہ کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق ملزم 13 اگست کو گھر پہنچا اور مبینہ طور پر اپنی بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ اگلی صبح مقتولہ کے والدین کو اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی شدید زخمی حالت میں اسپتال میں ہے، تاہم ان کے پہنچنے سے قبل ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی۔

مقتولہ کے والد نے الزام عائد کیا کہ ان کا داماد انتہائی غصیلے اور پُرتشدد مزاج کا حامل تھا اور شادی کے بعد سے ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے گرفتاری اور کارروائی سے بچنے کے لیے بیوی کو مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کیا اور بعد میں اسے چھت سے گرنے کا حادثہ قرار دیا۔

پولیس نے ملزم شوہر، اس کے چچا اور چچی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بی ایس ایف اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر دونوں نامزد ملزمان فرار ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔