پیرس(اے ایف پی)عالمی توانائی ایجنسی کے سربراہ فاتح بیرول نے یورپ میں جیٹ فیول کی ممکنہ قلت کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران جنگ کے باعث تیل کی ترسیل متاثر رہی تو یورپ میں پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ یورپ کے پاس تقریباً چھ ہفتوں کا جیٹ فیول ذخیرہ باقی ہے، جس کے بعد صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث دنیا اس وقت ایک بڑے توانائی بحران کا سامنا کر رہی ہے، جس کے اثرات پیٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں ظاہر ہوں گے۔
فاتح بیرول کے مطابق اس بحران سے سب سے پہلے ایشیائی ممالک متاثر ہوں گے، جن میں جاپان، کوریا، بھارت، چین، پاکستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں، کیونکہ یہ ممالک توانائی کے لیے مشرق وسطیٰ پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں اس بحران کے اثرات یورپ اور امریکا تک بھی پہنچیں گے، جس سے عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی اور قیمتوں پر دباؤ بڑھے گا۔

