جنوبی افریقا میں گھر کی تقریب پر مسلح افراد کی فائرنگ، 11 افراد ہلاک

ڈربن (سی این این، غیر ملکی خبر ایجنسیاں) جنوبی افریقا کے شہر ڈربن کے قریب گھر میں جاری تقریب کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے 11 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تین مسلح افراد منگل کی شب کوازولو ناتال کے علاقے کواماخوتھا کے زیکو علاقے میں واقع گھر میں داخل ہوئے اور تقریب میں شریک افراد پر فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا، واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ایسی خاتون بھی شامل ہے جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ حاملہ تھیں۔

پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے، قائم مقام قومی پولیس کمشنر پولینگ ڈیمپانے کے مطابق تفتیش کاروں کو حملہ آوروں تک پہنچنے کے لیے ایک اہم سراغ ملا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، تاہم بعض مقتولین مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے پہلے ہی جرائم سے متعلق خفیہ معلومات کے محکمے کی توجہ میں آچکے تھے۔ پولیس نے مخالف گروہوں کے درمیان دشمنی کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔

جنوبی افریقا میں حالیہ برسوں کے دوران فائرنگ کے متعدد واقعات میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوچکی ہیں، جون میں جوہانسبرگ کے ایک مضافاتی علاقے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال جوہانسبرگ کے باہر ایک شراب خانے پر فائرنگ سے 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ 2026 کے دوران جنوبی افریقا میں روزانہ اوسطاً 58 افراد قتل ہوئے، جبکہ ملک کو منشیات، بھتہ خوری، غیر قانونی کان کنی اور گروہی تشدد سے منسلک منظم جرائم کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔