بیروت (اسرائیلی فوجی ذرائع)لبنان میں جاری جھڑپوں کے دوران حزب اللہ کے راکٹ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے اپنے 22 سالہ فوجی کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک شدہ فوجی پیراٹروپرز بریگیڈ کی 890ویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا۔
حزب اللہ کے حملے میں مزید تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اسی رات ایک علیحدہ حملے میں تقریباً 20 اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے مشترکہ حملوں اور آیت اللہ خامنہ ای کی مبینہ شہادت کے بعد حملوں کا آغاز کیا، جس میں اسرائیل کو بھاری نقصان پہنچا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔تازہ جھڑپوں کے بعد جنوبی لبنان میں لڑائی میں اب تک کم از کم 5 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

