خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کا امارات کو سخت جواب دینے کا انتباہ

تہران (ایرانی سرکاری میڈیا، عالمی خبر رساں ادارے)خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران نے متحدہ عرب امارات پر کوئی حملہ نہیں کیا، تاہم اگر امارات نے ایران کے خلاف کوئی کارروائی کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھرپور ردعمل کے بعد امارات کو اپنے اقدام پر افسوس ہوگا، اماراتی وزارتِ دفاع کا بیان مکمل جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ متحدہ عرب امارات کو امریکیوں اور صیہونیوں کے لیے پناہ گاہ نہیں بننا چاہیے، ایسا کرنا اسلامی دنیا کے ساتھ دھوکا ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ماضی میں ایران نے جو صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا وہ صرف امارات میں مقیم مسلمانوں کے تحفظ اور بھلائی کے پیش نظر تھا۔ایرانی مؤقف کے مطابق عرب امارات بدقسمتی سے امریکی اور صیہونی افواج کا اہم اڈہ بن چکا ہے جبکہ امریکا اور اسرائیل کو عالم اسلام کا دشمن اور خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پروپیگنڈا، جھوٹے الزامات اور مظلومیت کا تاثر دے کر مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔