راولپنڈی: بھارتی پراکسیز کی روک تھام خطے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (آئی ایس پی آر)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں میں بھارتی پراکسیز کی سرگرمیوں کی روک تھام سے مشروط ہے، جبکہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف اپنی عوام کے تحفظ اور قومی دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دیا جائے۔

کانفرنس کے شرکاء نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے 24 اپریل 2025 کے فیصلوں کی روشنی میں پاکستان اپنے جائز آبی حصے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنایا جائے گا۔

فورم نے کہا کہ دشمن معرکۂ حق میں ناکامی کے بعد ہائبرڈ جنگ اور گمراہ کن بیانیوں کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم بیرونی سرپرستی میں ہونے والی ہر تخریبی سرگرمی کا سختی سے مقابلہ کیا جائے گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افغان طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر طرزِ حکمرانی، عوامی خدمت پر مبنی انتظامی ڈھانچے اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کو بھی ناگزیر قرار دیا گیا۔