مسّی ساگا(نمائندہ خصوصی)مسّی ساگا ایرِن ملز کی رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد نے کینیڈین پولیس ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی جس میں عوامی تحفظ، ضمانتی نظام میں اصلاحات اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اقرا خالد نے کہا کہ یہ تمام مسائل ایسے ہیں جو انہیں اپنے حلقے مسّی ساگا ایرِن ملز کے رہائشیوں کی جانب سے مسلسل سننے کو ملتے ہیں اور ان پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی جن میں ضمانت اور سزا کے نظام میں اصلاحات کیلئے”بیل اینڈ سینٹنسنگ ریفارم ایکٹ”، سرحدی نگرانی اور سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے “بل سی-12″، اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور وسائل فراہم کرنے کیلئے “بل سی-22” شامل ہیں۔اس کے علاوہ متاثرین کے تحفظ اور صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کیلئے “بل سی-16” پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ان اقدامات کا مقصد بار بار جرائم میں ملوث افراد کو سڑکوں سے دور رکھنا، منظم جرائم کے نیٹ ورک کو توڑنا اور کمیونٹیز کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر محفوظ معاشروں کے قیام اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو درکار وسائل کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

