سری لنکا: بدھ مذہب کے بڑے راہب جنسی ہراسانی کے الزام میں گرفتار

کولمبو (غیر ملکی میڈیا)سری لنکا میں بدھ مذہب کے اعلیٰ ترین راہبوں میں شامل پلیگاما ہیمراتھنا تھیرو کو 15 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی اور جنسی ہراسانی کے الزام میں گرفتار کرکے ریمانڈ جیل منتقل کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پلیگاما ہیمراتھنا تھیرو سری لنکا میں بدھ مذہب کے آٹھ مقدس مقامات کے چیف پریلیٹ اور نگراں کے عہدے پر فائز ہیں، جو بدھ مت میں انتہائی باوقار منصب سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گرفتاری بچوں کے تحفظ کے قومی ادارے کی درخواست کے بعد عمل میں آئی، جس نے اس سے قبل پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ ملزم کو نامزد کیے جانے کے باوجود گرفتار نہیں کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم راہب نے الزامات پر تاحال کوئی عوامی بیان نہیں دیا جبکہ انہیں 12 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔متاثرہ لڑکی کی والدہ کو بھی مبینہ طور پر معاونت اور سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پلیگاما ہیمراتھنا کو ہفتے کے روز کولمبو کے ایک نجی اسپتال سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ زیرِ علاج تھے، بعدازاں مجسٹریٹ نے انہیں کولمبو جیل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے امیگریشن حکام کو بھی ہدایت جاری کی کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کی کوشش نہ کرسکے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں بدھ راہبوں، خصوصاً اتنے اعلیٰ عہدے پر فائز مذہبی شخصیت کی گرفتاری غیر معمولی سمجھی جارہی ہے کیونکہ وہاں بدھ راہب سماجی اور سیاسی طور پر انتہائی بااثر تصور کیے جاتے ہیں۔