سوات: گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 11 افراد جاں بحق، 5 زخمی

سوات (نامہ نگار)سوات میں مسافر گاڑی گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ملم جبہ کے علاقے سیر تلیگرام سے گناجیر جارہی تھی کہ گناجیر کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 5 زخمیوں کو طبی امداد کیلئےاسپتال منتقل کردیا گیا۔جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں تمام زخمیوں اور لاشوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔