شمالی لندن میں 23 سالہ خاتون کی پراسرار ہلاکت، 6 افراد گرفتار

لندن (نمائندہ خصوصی) شمالی لندن کے علاقے کلرکن ویل میں 23 سالہ خاتون کی پراسرار ہلاکت کے بعد قتل کے شبے میں چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح بولنڈر پلیس (Bollinder Place) میں واقع ایک رہائشی پتے پر خاتون کی خیریت سے متعلق اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس اور لندن ایمبولینس سروس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر خاتون بے ہوش حالت میں پائی گئی، تاہم طبی عملے نے اسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعے کے سلسلے میں 20 سے 26 سال کی عمر کی چار خواتین اور 21 اور 24 سالہ دو مردوں کو گرفتار کیا۔ بعد ازاں تمام چھ افراد کو مزید تفتیش مکمل ہونے تک ضمانت پر رہا کردیا گیا۔پولیس مقتولہ کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

چیف سپرنٹنڈنٹ جیسن اسٹیورٹ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ہمدردیاں متاثرہ خاتون کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔تحقیقات کے سلسلے میں پیر کے روز بھی فرانزک ماہرین جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے رہے، جبکہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔