لاہور: غیر ملکی خواتین اغوا و زیادتی کیس، شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج

لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے کیس میں واقعے کی اطلاع دینے والے شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ اس گاڑی کے مالک کی جانب سے درج کرایا گیا جسے مبینہ اغواکاروں کی گاڑی نے ٹکر ماری تھی۔ مقدمہ گاڑی کے ڈرائیور عثمان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے بیان دیا کہ وہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے بھٹہ چوک جا رہا تھا کہ ایئرپورٹ روڈ پر ایک گاڑی نے اس کی گاڑی کو ٹکر مار دی، جس سے تقریباً 3 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جبکہ دوسری گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مدعی عثمان نے ہی واقعے کی اطلاع امدادی ہیلپ لائن 15 پر دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد غیر ملکی خواتین گاڑی سے نکل کر اپنی جان بچانے کیلئے قریبی دکان میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔