مارلن برانڈو کا آسکر ایوارڈ لینے سے انکار، ہالی ووڈ کی تاریخ کا منفرد واقعہ

لاس اینجلس( بین الاقوامی میڈیا)27 مارچ 1973 کو معروف امریکی اداکار مارلن برانڈو نے اپنی مشہور فلم دی گاڈ فادر میں بہترین اداکاری پر ملنے والا آسکر ایوارڈ لینے سے انکار کردیا۔ایوارڈ تقریب میں ان کی نمائندگی اداکارہ و سماجی کارکن سچین لٹل فیدر نے کی، جنہوں نے اسٹیج پر جا کر اعلان کیا کہ برانڈو ہالی ووڈ میں مقامی امریکیوں کی منفی عکاسی کے خلاف احتجاجاً یہ ایوارڈ قبول نہیں کریں گے۔

مارلن برانڈو اپنے دور کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے کیریئر کے آغاز میں فلم اے اسٹریٹ کار نیمڈ ڈیزائر سے شہرت حاصل کی جبکہ آن دی واٹر فرنٹ پر اپنا پہلا آسکر جیتا۔

1960 کی دہائی میں ان کا کیریئر زوال کا شکار ہوا، تاہم ہدایتکار فرانسس فورڈ کوپولا کی فلم دی گاڈ فادر میں ویٹو کورلیونے کا کردار ادا کر کے انہوں نے دوبارہ شہرت حاصل کی۔ایوارڈ تقریب کے دوران اداکار راجر مور نے جب آسکر پیش کرنے کی کوشش کی تو سچین لٹل فیدر نے اسے لینے سے انکار کردیا اور برانڈو کا پیغام سنایا، جس میں فلمی صنعت کو مقامی امریکیوں کی تضحیک کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

مارلن برانڈو پہلے بھی سماجی اور سیاسی معاملات پر آواز اٹھاتے رہے تھے، انہوں نے شہری حقوق کی تحریکوں اور مقامی امریکیوں کے حقوق کی حمایت کی۔واضح رہے کہ بہترین اداکار کا آسکر ٹھکرانے والے وہ دوسرے اداکار تھے اس سے قبل جارج سی اسکاٹ نے 1971 میں فلم پیٹن پر ملنے والا ایوارڈ لینے سے انکار کیا تھا۔