ماسکو ریجن میں ڈرون حملہ، 5 افراد ہلاک، 6 زخمی

ماسکو(روسی حکام، خبر ایجنسیاں) روس کے دارالحکومت ماسکو کے نواحی علاقے میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ماسکو ریجن کے گورنر آندرے وروبیوف نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ آج صبح روس کے فضائی دفاعی نظام نے ماسکو ریجن پر ہونے والے ڈرون حملے کو ناکام بنانے کی کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ حملے سے سب سے زیادہ نقصان چیخوف میونسپل ضلع میں ہوا، جہاں ڈرون گرنے کے باعث نووسیولکی صنعتی زون کے متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔گورنر کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیموں نے ایک بڑے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا، تاہم ایک بجلی کے سب اسٹیشن اور ایک انتظامی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

آندرے وروبیوف نے مزید بتایا کہ سولنیشکووو گاؤں میں گرنے والے ایک ڈرون کے ملبے سے ایک نجی رہائش گاہ اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم اس مقام پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ان کے مطابق روسی فوج نے وولوکولامسک، کلین، چیخوف اور سریبریانو پرودسکی اضلاع میں متعدد ڈرونز کو تباہ کیا، جبکہ حملے سے ہونے والے نقصانات کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے۔