مستونگ: کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ، 2 کھلاڑی جاں بحق

کوئٹہ (نامہ نگار) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کلی ڈنڈ (شمس آباد کراس) میں کرکٹ میچ کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے دو کھلاڑی جاں بحق ہو گئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آیوش مائیکل اور ساگر کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں کرکٹ میچ جاری تھا۔ فائرنگ کے بعد گراؤنڈ میں بھگدڑ مچ گئی اور کھلاڑیوں سمیت تماشائی جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگ نکلے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حملے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

واقعے کے بعد مقتولین کے لواحقین اور مقامی شہریوں نے شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔