معرکہ حق کی پہلی سالگرہ نیویارک میں منائی گئی

نیویارک(نمائندہ خصوصی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے کے اشتراک سے نیویارک میں ’’پاکستان کی فتح، استقامت، عزم اور امن کے حصول‘‘ کے عنوان سے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی، سماجی رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی جس میں معرکہ حق کی تاریخی کامیابی اور پاک فوج کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔

نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اَتوزئی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ تھا جس نے قوم کے اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کیلئےپرعزم ہے، تاہم قومی مفادات کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریب سے سینیٹر رانا محمود الحسن، پاکستان پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین ڈاکٹر غلام مجتبیٰ، ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی، کمیونٹی رہنما علی راشد اور کشمیری رہنما تاج خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستانی قوم کے اتحاد، استقامت اور اجتماعی عزم کی عکاس ہے۔مقررین نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل سے مشروط ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کے تدبر، تحمل اور باوقار امن کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، کثیرالجہتی تعاون اور بین الاقوامی قانون کے احترام کیلئےپرعزم ہے جبکہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔انہوں نے پاکستانی امریکی اور کشمیری کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی برادری پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ملک کا مثبت تشخص مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔