مفتی محمد تقی عثمانی کا کرپٹو کرنسی سے متعلق فتویٰ جاری، خرید و فروخت ناجائز قرار

کراچی(نامہ نگار)صدر وفاق المدارس العربیہ اور دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی محمد تقی عثمانی کا کرپٹو کرنسی سے متعلق فتویٰ منظرِ عام پر آ گیا ہے، جس میں موجودہ صورتِ حال کے مطابق کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت کو ناجائز قرار دیا گیا ہے۔

مفتی محمد تقی عثمانی کے مطابق ماہرین کی اب تک کی تحقیق اور رائے کی روشنی میں کرپٹو کرنسی شرعی اعتبار سے مال کی تعریف پر پوری نہیں اترتی، بلکہ یہ محض کھاتوں میں درج فرضی نمبروں (ڈیجیٹل اندراج) کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواہ معاملہ یو ایس ڈی ٹی (USDT) کا ہو یا کسی دوسری کرپٹو ٹوکن کا، موجودہ شرعی رائے کے مطابق اس کے ذریعے خرید و فروخت جائز نہیں۔مفتی محمد تقی عثمانی کے صاحبزادے حسن عثمانی نے بھی تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع پر گردش کرنے والا کرپٹو کرنسی سے متعلق فتویٰ مفتی محمد تقی عثمانی ہی کا جاری کردہ ہے۔