نئی دہلی:انڈین فٹبال فیڈریشن کے صدر پر ہراسانی کا الزام

نئی دہلی (بھارتی میڈیا رپورٹس)بھارت کی فٹبال تنظیم آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے صدر کلیان چاوبے پر فیڈریشن کی سینئر خاتون عہدیدار ولانکا الیماو نے ہراسانی کے الزامات عائد کردیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویمن کمیٹی کی سربراہ نے صدر پر طنز، روک ٹوک اور ہراساں کرنے جیسے الزامات لگائے ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ نئی دہلی میں فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران پیش آیا۔

ولانکا الیماو نے باقاعدہ ایک خط کے ذریعے الزامات عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان کے ساتھ نامناسب اور قابلِ نفرت رویہ اختیار کیا اور ان کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی۔

خط میں مزید کہا گیا کہ اجلاس کے دوران انہیں نشانہ بنایا گیا، صدر کے ریمارکس غیر ضروری اور توہین آمیز تھے جبکہ مجموعی رویہ بد تہذیبی پر مبنی تھا۔خاتون عہدیدار کے مطابق میٹنگ کے دوران ہونے والا یہ سلوک انہیں دباؤ میں لانے اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش تھی۔