وائٹ ہاؤس کے قریب اہلکاروں پر فائرنگ کرنیوالے شخص کو گولی مار دی گئی

واشنگٹن (امریکی سیکرٹ سروس، امریکی میڈیا رپورٹس)امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب واقع واشنگٹن مونومنٹ کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں سیکرٹ سروس نے ایک مسلح شخص کو زخمی کر دیا۔

امریکی حکام کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سیکرٹ سروس اہلکاروں نے ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جو مبینہ طور پر اسلحہ لیے ہوئے تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ملزم زخمی ہو گیا۔

واقعے میں ایک 15 سالہ لڑکا بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا، حکام کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔سیکرٹ سروس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کو متعدد گولیاں لگیں اور اسے بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا وائٹ ہاؤس یا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی سے کوئی تعلق نہیں اور اس وقت صدر کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں تھا۔رپورٹس کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل نائب صدر جے ڈی وینس کا قافلہ بھی اسی علاقے سے گزرا تھا، تاہم اس واقعے کو اس سے جوڑنے کے شواہد نہیں ملے۔سیکرٹ سروس حکام نے بتایا کہ واقعے میں کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔