واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان پر شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھول دی گئی ہے اور اب یہ کاروبار اور آمد و رفت کیلئے تیار ہے تاہم ایران کیساتھ مکمل معاہدہ ہونے تک بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نکات پر پہلے ہی پیش رفت ہو چکی ہے، امریکا ایران کا افزودہ یورینیم حاصل کریگا اور اس کے بدلے کسی قسم کی مالی ادائیگی نہیں کی جائیگی جبکہ یہ معاہدہ لبنان سے متعلق نہیں ہے اور امریکا لبنان کے حوالے سے الگ حکمت عملی اپنائے گا، جس میں حزب اللہ کا معاملہ بھی شامل ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل اب لبنان پر مزید بمباری نہیں کرے گا۔
ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز کو جنگ بندی کی باقی مدت کیلئے تجارتی بحری جہازوں کیلئے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے اور جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہاز ایرانی پورٹ اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کی جانب سے مقررہ راستوں کے مطابق سفر کریں گے تاکہ محفوظ اور منظم نقل و حرکت یقینی بنائی جا سکے۔

