واشنگٹن:ایران جنگ پر امریکی نائب صدر اور نیتن یاہو میں تلخ کلامی

واشنگٹن (ایجنسیاں)امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان ایران جنگ کے معاملے پر ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو میں تناؤ سامنے آیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق جے ڈی وینس نے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ایران میں رجیم تبدیلی کے امکانات کو حد سے زیادہ آسان ظاہر کیا اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس جنگ میں شامل ہونے کیلئےغیر حقیقی توقعات پیش کیں۔

ذرائع کے مطابق نائب امریکی صدر نے واضح کیا کہ جو صورتحال پیش کی گئی تھی، وہ زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی، جبکہ ایران میں قیادت کے خلاف کارروائی کے باوجود نظام کی گرفت کمزور ہونے کے بجائے مزید مضبوط ہوئی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق جے ڈی وینس اس وقت ایران جنگ کے خاتمے کیلئےسفارتی کوششوں میں کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد اسرائیلی میڈیا میں اس کے برعکس خبر نشر کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وینس نے فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے تشدد پر نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔تاہم وائٹ ہاؤس حکام نے اس خبر پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ معلومات مسخ کر کے پیش کی گئی ہیں۔