پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 29 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی( آئی ایس پی آر)ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 29 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 28 جون کو ضلع باجوڑ میں کیے گئے ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر خان فروش عرف زابل سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا۔

ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں کے قریب پکتیا، پکتیکا اور کنڑ کے اطراف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں، جن میں مزید 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی تباہ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہیں گے۔