لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے گزشتہ روز انتقال کر جانے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب میں فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے اے سی فرقان احمد کے ورثا کو ایک کروڑ روپے گرانٹ بھی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس فیصلے کی منظوری دے دی۔
یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان گزشتہ روز ضلع قصور کے ہیڈ بلوکی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔
مرحوم فرقان احمد کینسر کے مریض ہونے کے باوجود مسلسل فلڈ ریلیف ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ وہ پتوکی کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے میں مصروف رہے، جہاں انہوں نے خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئےدن رات کام کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فرقان احمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “مشکل ترین حالات میں عوام کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حقیقی ہیرو ہیں، ان کی فرض شناسی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔”

