پورا خطہ امریکا کیلئے دوزخ بن جائیگا:خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر

تہران/واشنگٹن (بین الاقوامی میڈیا، ایران نیوز ایجنسیز)ایران کے پاسداران انقلاب نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ جنگ کا دائرہ بڑھاتے ہیں تو پورا خطہ امریکا کیلئے دوزخ میں تبدیل ہو جائے گا۔

خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے کہا کہ “بھولنا مت، اگر جارحیت بڑھائی گئی تو پورا خطہ تمھارے لیے دوزخ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ اسلامی جمہوری ایران کو شکست دینے کا وہم پہلے ہی دلدل میں تبدیل ہو چکا ہے اور اب اس میں دھنس جائے گا۔”

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ اگر دو روز میں، یعنی پیر تک آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کو دوزخ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ دس دن کی مہلت ختم ہونے والی ہے، اور انہوں نے 8 روز پہلے ایران کو مزید دس روز کی مہلت دینے کا اعلان کیا تھا، اس دوران توانائی اور دیگر بنیادی تنصیبات پر حملے نہیں کیے جائیں گے۔

تاہم، رپورٹ کے مطابق ایران کی یہ تنصیبات مسلسل ہدف بنی رہیں اور ہفتے کے روز بھی نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا۔بین الاقوامی ذرائع کے مطابق خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں جانب سے سخت بیانات کے تبادلے کے بعد خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔