چینی صدر شی جن پنگ 3 روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئے، شاندار استقبال

واشنگٹن (اے پی، رائٹرز) چین کے صدر شی جن پنگ 3 روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ان کا شاندار اور غیر معمولی استقبال کیا۔

شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لی یوان کی آمد پر تقریباً 100 فٹ طویل سرخ قالین بچھایا گیا، جبکہ توپوں کی سلامی دی گئی اور امریکی و چینی پرچموں کے ساتھ فوجی دستے بھی استقبالیہ تقریب میں شریک ہوئے۔

امریکی فضائیہ کے بینڈ نے دونوں ملکوں کے قومی ترانے پیش کیے جبکہ امریکی فوج کی مختلف سروسز کے دستوں نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔

شی جن پنگ کی آمد کے موقع پر امریکی فضائیہ کے 2 بی ون بمبار طیاروں نے جوائنٹ بیس اینڈریوز کے اوپر سے پرواز کی۔ یہ طیارے امریکی فضائیہ کے اہم بمبار طیاروں میں شمار ہوتے ہیں اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ٹرمپ اور شی جن پنگ نے رن وے پر ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو کی۔ استقبالیہ تقریب کے بعد امریکی صدر نے چینی صدر کو ان کی گاڑی تک رخصت کیا، جس کے بعد شی جن پنگ واشنگٹن روانہ ہوگئے۔

شی جن پنگ کے 3 روزہ دورے کے دوران ٹرمپ اور چینی صدر کے درمیان تجارتی محصولات، مصنوعی ذہانت، ایران کی جنگ، تائیوان اور دیگر دوطرفہ و عالمی معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

امریکا اور چین کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے تجارتی معاہدے کی مدت بھی نومبر میں ختم ہونے والی ہے، جس کے باعث تجارتی امور دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا اہم موضوع ہوں گے۔دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کی ملاقات، بند کمرے میں مذاکرات اور چینی صدر کے اعزاز میں سرکاری عشائیے سمیت مختلف تقریبات بھی متوقع ہیں۔