سانیا، ہینان ( سرکاری اعلامیہ، چینی میڈیا)پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے تحت مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ ہینان کے شہر سانیا میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی۔
تقریب میں صوبہ سندھ کے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز اور لیویانگ ماڈرن بائیولوجی گروپ کے درمیان معاہدہ طے پایا، جس پر سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے دستخط کیے۔معاہدوں میں تعمیراتی مشینری، صحتِ حیوانات اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں، جن کا مقصد عملی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ سہ فریقی تعاون چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کی معاونت، تعمیراتی مشینری اور آلات کی فراہمی، پیشہ ورانہ تربیتی نظام کی ترقی اور بعد از فروخت آپریشن و دیکھ بھال کی خدمات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔
فریقین نے پاکستان میں فیکٹریوں کے قیام اور تعمیراتی مشینری کی مقامی پیداوار کے فروغ کیلئےسرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینی گروپ کے نائب صدر لی چن اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹریڈ کمپنی کے چیئرمین ہاؤ جیالونگ نے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ دوستی پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری سندھ علی حسن بروہی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

