چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے فائر فائٹر نے سابق گرل فرینڈ سے 40 ہزار پاؤنڈ کا مقدمہ جیت لیا

لندن (خبر ایجنسیاں) برطانیہ میں ایک فائر فائٹر نے قانونی ماہرین کی بھاری فیس سے بچنے کیلئے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے عدالت میں خود اپنا مقدمہ لڑا اور سابق گرل فرینڈ سے 40 ہزار پاؤنڈ کی رقم واپس حاصل کرلی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کریگ ٹچنر نے 2022 میں اپنی گرل فرینڈ کو 40 ہزار پاؤنڈ سرمایہ کاری کیلئے دیے تھے۔ دونوں کے درمیان رقم کو پریمیم بانڈز میں لگانے اور حاصل ہونے والا منافع تقسیم کرنے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم رشتہ ختم ہونے کے بعد رقم کی واپسی پر تنازع پیدا ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق قانونی ماہرین سے رجوع کرنے پر فیس زیادہ ہونے کے باعث کریگ ٹچنر نے چیٹ جی پی ٹی سے قانونی کارروائی کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی۔کریگ ٹچنر نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی نے انہیں ضروری فارم مکمل کرنے اور عدالت میں اپنا مقدمہ پیش کرنے کے مراحل سمجھنے میں مدد دی۔

انہوں نے کہا کہ اگر چیٹ جی پی ٹی سے مدد نہ ملتی تو شاید وہ یہ مقدمہ نہ جیت پاتے، تاہم عدالت نے فیصلہ چیٹ جی پی ٹی کی بنیاد پر نہیں بلکہ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر سنایا۔

کریگ ٹچنر کی سابق گرل فرینڈ کا مؤقف تھا کہ 40 ہزار پاؤنڈ کی رقم اسے تحفے میں دی گئی تھی، تاہم وہ عدالت میں اپنے اس دعوے کو ثابت نہ کرسکی اور رقم سے متعلق بینک گوشوارے بھی پیش نہیں کیے۔عدالت نے مقدمے میں پیش کیے گئے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کریگ ٹچنر کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔