کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ پر قائم ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گھر کے باہر کھیلنے والا دو سالہ بچہ اغوا کر لیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق دو سالہ اذان علی گزشتہ شام تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر اس وقت لاپتہ ہوا جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔ والدہ چند لمحوں کے لیے جوتے تبدیل کرنے گھر کے اندر گئیں، واپس آئیں تو بچہ وہاں موجود نہیں تھا۔
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس میں ایک موٹر سائیکل سوار شخص بچے کو ہاؤسنگ سوسائٹی سے باہر لے جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، جس کے باعث اس کی شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
واقعے کا مقدمہ منگھوپیر تھانے میں بچے کے والد وہاب علی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات اور ملزم کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب بچے کے اغوا کے خلاف اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مغوی بچے کو فوری اور بحفاظت بازیاب کرکے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

