برامپٹن(اشرف خان لودھی سے)انٹرنیشنل کونسل آف آرٹس کینیڈا کے زیر اہتمام اور وی پی ایس کے تعاون سے برامپٹن میں برصغیر کے عظیم کلاسیکل گائیک استاد سلامت علی خان کی فن و خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔نعت خواں احسن اکبرنے کلام پیش کرکے بھرپور داد پائی.
تقریب میں استاد سلامت علی خان کی موسیقی کیلئےگراں قدر خدمات اور کلاسیکی موسیقی کے فروغ میں ان کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سینئر صحافی توفیق بٹ تھے، جو سما نیوز کے مشیر، روزنامہ نئی بات کے سینئر صحافی و کالم نگار اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں شعبہ صحافت کے پروفیسر بھی ہیں۔

تقریب میں انٹرنیشنل کونسل آف آرٹس کینیڈا اور وی پی ایس کی ٹیم سمیت فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔جن میںحفیظ خان،چوہدری جاویدگجر،مرزانسیم بیگ،شعیب ناصر،باباعرفان ملک ،ڈاکٹرشاہینہ کشور،جاویدآصف،کرامت اللہ غوری،ڈاکٹرکاظم زیدی،فاطمہ زہراجمیل شامل تھے.س موقع پر استاد سلامت علی خان کی فنی زندگی، کلاسیکی موسیقی کیلئے ان کی خدمات اور موسیقی کے شعبے پر ان کے دیرپا اثرات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

مہمانِ خصوصی توفیق بٹ نے استاد سلامت علی خان کی فنکارانہ عظمت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کی کلاسیکی موسیقی میں ان کا مقام منفرد ہے اور ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تقریب کے منتظمین نے کہا کہ ایسے پروگراموں کا مقصد پاکستان کے عظیم فنکاروں اور موسیقی کے ورثے کو نئی نسل اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی و دیگر کمیونٹیز سے متعارف کرانا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے استاد سلامت علی خان کے فن اور کلاسیکی موسیقی کے فروغ کیلئےان کی خدمات کو سراہا۔

