کوئنز پارک:اونٹاریو لبرلز کی ڈگ فورڈ کے بجٹ پر شدید تنقید

کوئنز پارک(نمائندہ خصوصی) ذرائع کے مطابق اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر اور فنانس و تجارت کیلئے پارٹی کی ناقد اسٹیفنی باؤمن نے صوبے کے پریمیئر ڈگ فورڈ کے 27-2026 کے بجٹ کو عوامی مسائل سے کٹا ہوا اور ناکام قرار دے دیا۔

جان فریزر کا کہنا تھا کہ ڈگ فورڈ نے عوام سے زندگی کو سستا بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن آٹھ سال گزرنے کے باوجود وہ وعدہ پورا نہیں ہو سکا اور یہ بجٹ بھی اسی وعدہ خلافی کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی اس وقت عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے مگر بجٹ میں گھریلو اخراجات، بجلی، گیس، اشیائے خورونوش یا تعلیم کے اخراجات میں کمی کیلئے کوئی مؤثر اقدام شامل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آدھی سے زائد وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی کی جا رہی ہے جبکہ وزیرِاعلیٰ کے دفتر کے اخراجات میں 243 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی شعبے میں فنڈنگ کم ہو رہی ہے جس سے کلاسوں میں طلبہ کی تعداد بڑھ رہی ہے، جبکہ صحت کے شعبے میں فنڈنگ مہنگائی کے برابر بھی نہیں بڑھ رہی اور اب بھی تقریباً 20 لاکھ افراد فیملی ڈاکٹر سے محروم ہیں۔

اس موقع پر اسٹیفنی باؤمن نے کہا کہ 2018 میں حکومت نے متوسط طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی، صحت کے نظام کی بہتری اور 3 لاکھ مینوفیکچرنگ ملازمتوں کے وعدے کیے تھے، مگر یہ وعدے پورے نہیں ہوئے بلکہ صوبے میں 9 ہزار ملازمتیں کم ہو چکی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ رہائش کے اخراجات عوام کیلئے سب سے بڑا بوجھ ہیں، مگر 15 لاکھ گھر بنانے کا حکومتی ہدف بھی بجٹ میں نظر نہیں آتا۔ ان کے مطابق معاشی شرح نمو، روزگار اور ہاؤسنگ جیسے اہم شعبے تنزلی کا شکار ہیں۔

اسٹیفنی باؤمن کا کہنا تھا کہ اس بجٹ کے نتیجے میں عوام پر مالی دباؤ مزید بڑھے گا، معیشت کمزور ہوگی، صحت کا نظام دباؤ کا شکار رہے گا اور بڑھتا ہوا حکومتی قرض مستقبل کیلئےخطرہ بن سکتا ہے۔