کوئٹہ: ہنہ اوڑک دہشت گردی، 11 مغوی بازیاب،ایئرپورٹ روڈ کا دھرنا ختم

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں دہشت گردی کے واقعے کے خلاف ایئرپورٹ روڈ پر جاری دھرنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔

یہ دھرنا 5 جولائی کو ہنہ اوڑک کے علاقے کلی ببری میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کے خلاف دیا جا رہا تھا، جس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 مقامی افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب کلی ببری سے اغواء کیے گئے 11 افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

ادھر مانگی ڈیم حملے میں شہید ہونے والے 7 افراد کے لواحقین کی جانب سے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ کے کوئلہ پھاٹک پر احتجاجی دھرنا بدستور جاری ہے، جبکہ زیارت میں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے باہر متاثرہ خاندانوں کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔دریں اثنا، مانگی ڈیم حملے میں شہید ہونے والے 14 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔