راولپنڈی(آئی ایس پی آر)کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل کوششوں اور قربانیوں کے ساتھ ساتھ امن و استحکام کے فروغ میں اس کے تعمیری کردار کو سراہا۔
دونوں فریقوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

